Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم عمران خان سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض پہنچ گئے

وزیر اعظم عمران خان سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض پہنچ گئے
October 23, 2018
ریاض (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سعودی سرمایہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ اس سے قبل مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی۔ وزیر اعظم عمران خان سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ "مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع" سے متعلق کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وہ سعودی  فرمان رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملیں گے۔ اس سے قبل مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر شہزادہ بن فیصل اور دیگر سعودی حکام نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے جبکہ کلید بردار روضہ رسول ﷺ شیخ نوری محمد احمد علی سے بھی ملاقات کی۔ شیخنوری محمد احمد علی نے پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔ اسلام آباد میں غیر ملکی صحافیوں کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا جمال خشوگی کی موت پر تشویش ضرور ہے لیکن پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین قرضے اور معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کا زرمبادلہ نہیں۔ اسی لیے دوست ممالک کے قرضوں یا آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب اور ایران میں تنازعات حل کرانے کی بھی پیش کش کی۔ انہوں نے مزید کہا امریکا کی طرف سے ایران پر پابندیوں کے حق میں نہیں۔ اس سے گیس پائپ لائن منصوبہ اور ایران سے تجارت متاثر ہو گی۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا امریکا نے بالآخر تسلیم کر لیا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہو سکتا۔ افغان حکومت، اور طالبان دونوں کو پتا چل گیا کہ ایک دوسرے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ امید ہے دونوں فریقین جلد مشترکہ حل کی جانب آجائیں گے۔