Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ سندھ کا دو روزہ دورہ کریں گے

وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ سندھ کا دو روزہ دورہ کریں گے
January 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں صوبہ سندھ کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی کے علاوہ اندرون سندھ کا دورہ بھی کریں گے جن میں بدین اور گھوٹکی کے اضلاع شامل ہیں۔ وزیر اعظم اپنے دورے میں سیاسی رہنماؤں  سے ملاقات کریں گے۔ دورہ سندھ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنما بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورہ پر ترکی پہنچے ۔ وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی اور مشیر تجارت وفد کا حصہ تھے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کا پہلا 2 روزہ ترکی کا دورہ ہوا۔  وزیر اعظم پہلے مرحلے میں کونیہ اور پھر انقرہ پہنچے۔ کونیہ پہنچنے پر شہر کے گورنر ، نائب میئر اور پاکستانی سفیر نے استقبال کیا ۔ وزیر اعظم نے مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ اِس موقع پر ترک میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ مولانا جلال الدین رومی کو بہت عزت واحترام سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے لئے وزیراعظم عمران خان صدارتی محل پہنچے تو  طیب اردوان نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں کئی اہم عالمی امور اور مسلمہ اُمہ کو درپیش مسائل پر  تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے کمال اتاترک کے مزار پر حاضری بھی دی اور اپنے تاثرات بھی لکھے۔