Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم عمران خان آج لیہ اور مظفر گڑھ کا دورہ کریں گے

وزیر اعظم عمران خان آج لیہ اور مظفر گڑھ کا دورہ کریں گے
February 21, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان آج لیہ اور مظفر گڑھ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم لیہ میں احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کا اجرا کریں گے۔عمران خان مظفر گڑھ تا ڈیرہ غازی خان دو رویہ سڑک کا بھی افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان رجب طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ کا دورہ بھی کریں گے۔ احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات کیلئے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ پروگرام میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو چھوٹے اثاثے دینا شامل ہے۔ اثاثہ جات میں مویشی، بکریاں، گائے، بھینسیں اور پولڑی شامل ہے۔ اثاثہ جات میں زرعی آلات، چنگچی رکشہ باڈی، چھوٹے دکانداروں، چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے آلات بھی شامل ہیں۔

احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام 23 غریب ترین اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں شروع کیا جارہا ہے۔ پروگرام کا ہدف مستحق گھرانوں کو 200,000  اثاثہ جات مہیا کرنا ہے۔ پروگرام کا دائرہ کار نتائج کی بنیاد پر وسیع کیا جائے گا۔ پروگرام کا بجٹ 15 بلین روپے ہے۔ مجموعی طور پر 1.45 ملین افراد پروگرام سے مستفید ہونگے۔

پروگرام 31 جنوری 2020ء کو شروع ہونے والے احساس کفالت پروگرام کا حصہ ہے۔ سال کے آخر تک تقریبا 7 ملین مستحق خواتین کو 2000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا۔ کفالت اور اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے مستحقین کی نشاندہی غربت اسکور کارڈ سروے کے ذریعے کی جائیگی۔ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ خریداری کے عمل میں شفافیت، اثاثوں کی شناخت، انتخاب اور خریداری کو یقینی بنائے گا۔

 اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے مستحقین بلاسود قرضے حاصل کرسکتے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور لیہ میں پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ خیبر پختونخواہ کے 10 اضلاع اپر کوہستان، لوئر کوہستان، پالاس کولائی، تورغر، بٹ گرام، شانگلہ، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیر ستان، ڈیرہ اسمعیل خان، ٹانک شامل ہیں۔ بلوچستان کے تین اضلاع جھل مگسی، ژوب اور شہرانی شامل ہیں۔ سندھ کے اضلاع میں بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کشمور، شکارپور، تھرپارکر اور عمر کوٹ شامل ہیں۔ اضلاع کو پی پی اے ایف کی مخصوص سٹڈی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا تھا۔