Friday, April 26, 2024

وزیر اعظم عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ، مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر گفتگو

وزیر اعظم عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ، مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر گفتگو
August 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس  میں مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت کشیدگی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے پاکستان نے سفارتی کوششوں کو تیز تر کر دیا۔ سکیورٹی کونسل اجلاس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے امریکی صدر کو کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا، جبکہ افغان امن عمل بھی زیر بحث آیا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا  کہ  وہ بات چیت کے ذریعے کشمیر  کے حوالے سے کشیدگی کم کریں ۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں میں پاک امریکا دو طرفہ تعاون  بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال  کیا گیا۔ دوسری جانب سابق امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر نے کہا ہے کہ  مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام بدترین اور تاریخ کو مٹانے کی کوشش ہے۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے افغانستان میں امن کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ سابق امریکی نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حقیقتاً  مارشل لا لگا دیا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق  سے مبرا اقدامات  اٹھائے گئے ہیں جو کہ  استصواب رائے کے حق کو سلب کرنے کی کوشش ہے۔