Monday, May 13, 2024

وزیر اعظم عمران خان 8 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک، ای سی پی

وزیر اعظم عمران خان 8 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک، ای سی پی
November 10, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ای سی پی نے سال2019-20  کے لئے ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ وزیر اعظم عمران خان 8 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق وزیراعظم کا کوئی کاروبار ہے نہ ذاتی گاڑی ہے، ان کے غیرملکی بینک اکاؤنٹس میں 33 لاکھ 31 ہزار اور 518 پاؤنڈ موجود ہیں۔ اُن کے پاس ایک کروڑ 99 لاکھ نقد اور دو لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں۔ اس کے علاوہ فیروز والا میں 80 کنال اراضی کے لیے 7  کروڑ روپے ایڈوانس بھی حاصل کر رکھا ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماء شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 24 کروڑ 74 لاکھ روپے، سیکڑوں کنال اراضی تحفے کے طور پر ظاہر کی۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر 80 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کا قرض ایک کروڑ 60 ہزار کا ہے۔ مسلم لیگ ق کے چودھری سالک حسین ایک ارب، 54 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ مونس الہٰی ایک ارب، 42 کروڑ اور 9 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ جے ڈی ڈبلیو شوگر مل کے ایک ہزار شئیرز کے بھی مالک ہیں۔ مونس الہیٰ کی اہلیہ نے نام 7 کروڑ، 86 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب ایک ارب 21 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے۔ پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے نور عالم خان کے پاس 3 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار 27 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ مخدوم خسرو بختیار نے رینج روور گاڑی کو والدین کی طرف سے تحفہ ظاہر کیا ہے۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ 10 کروڑ 97 لاکھ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں، طارق بشیر چیمہ کے پاس 100 تولے سونا اور 45 لاکھ روپے کی گاڑی بھی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد 4 کروڑ 65 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ وفاقی وزیر سید امین الحق کے پاس ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ہیں۔ کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی ایک کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کے پاس ڈیرہ بگٹی میں 23 ہزار ایکڑ وراثتی زمین ہے، اِن کے پاس سانگھڑ میں 836 ایکڑ زرعی زمین بھی ہے۔ پٹرول پمپ کی ملکیت ایک کروڑ روپے ظاہر کی ہے، نہ کوئی گاڑی اور نہ ہی 4 بینک اکاؤنٹس میں کوئی رقم ظاہر کی۔