Saturday, May 11, 2024

وزیر اعظم سے علماء ، مشائخ کے وفد کی ملاقات،اسرائیل کے حوالے سے دوٹوک موقف کو سراہا

وزیر اعظم سے علماء ، مشائخ کے وفد کی ملاقات،اسرائیل کے حوالے سے دوٹوک موقف کو سراہا
January 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم سے علما و مشائخ کے وفد نے ملاقات کی ، علمائے کرام نے اسرائیل کے حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر وزیراعظم کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں پیر نور الحق قادری، پیر محمد امین الحسنات شاہ، پیر چراغ الدین شاہ، ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت دیگر علما و مشائخ شامل تھے۔ علمائے کرام نے وزیرِ اعظم کی جانب سے اقوام متحدہ میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور مغرب میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے شاندار موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے  اسرائیل سے متعلق واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر سراہا۔ علمائے کرام نے پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے سب سے زیادہ آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے کی مذموم سازشوں کا مقابلہ کرنے کے ضمن میں علمائے کرام کے تعاون کی ضرورت ہے۔