Friday, April 19, 2024

وزیر اعظم سے سابق امریکی سفیر کیمرون منٹرکی ملاقات ،پاک امریکہ تعلقات پر گفتگو

وزیر اعظم سے سابق امریکی سفیر کیمرون منٹرکی ملاقات ،پاک امریکہ تعلقات پر گفتگو
January 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے  سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے ملاقات کی ۔ سابق امریکی سفیر سے ملاقات میں وزیر اعظم نے افغان مفاہتی عمل سے متعلق کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل سیاسی ہے ، پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کیلئے علاقی سلامتی میں بہتری ضروری ہے، ملاقات میں وزیر اعظم  نے  شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے حکومتی ترجیحات پر بھی بات کی۔ وزیر اعظم  نے باہمی اعتماد اور مفاد کی بنیاد پر پاک امریکہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستانی قیادت سے ملاقات کے خواہشمند

رواں سال کے آغاز پر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت سے جلد ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا ۔  سال 2019کے آغاز پر امریکی صدر نے  پاکستان کیلئے دوستی کا پیغام دیا تھا،  ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ میٹنگ کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتےہوئےکہا کہ پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔

ٹرمپ کا آج کا بیان 2018کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے ، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت سے ملاقات کی خواہش کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے رد عمل دیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا آج کا بیان  2018 کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان ان کی ایک سال پہلے یکم جنوری 2018 کے ٹویٹ سے دوری ہے، پاکستان اس مثبت پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں ممالک کے راہنمائوں کے مابین رابطوں کیلئے پر اُمید ہے ۔

ٹرمپ کی پاکستان کے لئے ہرزہ سرائی

گزشتہ برس کے اختتام پر ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی امداد کے روکنے کے فیصلے کا دفاع کیا تھا۔ ٹرمپ نے ہرزہ سرائی کی تھی کہ پاکستان نے القاعدہ کے لیڈر اسامہ بن لادن کی مدد کی اور پاکستان کو اسکی موجوگی کا علم تھا۔ ٹرمپ کی ہرزہ سرائی یہیں نہیں رکی ،انہوں  نے مزید کہا ہم پاکستان کو سالانہ 1.3 ارب ڈالر دیتے رہے اور وہ امداد ہم نے اس لیے روکی کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

بہت ہو گیا ٹرمپ ، اب آپ کی باری ہے ، شہریار آفریدی کارد عمل  

امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی پر وزیرمملکت براے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی جنگ اپنی سرزمین پر لڑی ۔ ہم نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ بہت کرلیا ، اب آپ کی باری ہے۔ وزیرمملکت براے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا یہ نیا پاکستان ہے اب ڈو مور نہیں چلے گا، پاکستان بہت کچھ کر چکا ہے ۔ ملک میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔