Saturday, May 18, 2024

وزیر اعظم سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی ملاقات ، پاک اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کے آغاز کے عزم کا اعادہ

وزیر اعظم سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی ملاقات ، پاک اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کے آغاز کے عزم کا اعادہ
April 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی ملاقات ہوئی۔ پاک اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد کام کے آغاز کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاک روس دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر کے ساتھ ملاقات یاد کی۔ وزیراعظم نے روس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت سے متعلق بات کی۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مستحکم نمو پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے "پاکستان اسٹریم" گیس پائپ لائن منصوبے پرجلد از جلد کام شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ توانائی ، صنعت ، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ رواں سال ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن میں مختلف تجاویز اور منصوبوں پر پیش رفت ہو گی۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں کوویڈ 19 کے صحت اور معاشی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے روس کو اس کی سپوتنک ویکسین بنانے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے سپوتنک ویکسین کی خریداری سے متعلق پاکستان کی دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے افغانستان تنازعہ کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان نے افغان امن عمل کو فروغ دینے میں روس کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔ جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے امور پر پاکستان کے نقطہ نظر پر بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماوں نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں مغربی ایشیاء، مشرق وسطی سمیت خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی۔