Thursday, March 28, 2024

وزیر اعظم جمعہ کو یوم دعا منانے کا اعلان کریں،علمائے کرام

وزیر اعظم جمعہ کو یوم دعا منانے کا اعلان کریں،علمائے کرام
June 16, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے کورونا کے پیش نظر وزیر اعظم  اور قوم سے جمعہ کو یوم دعا منانے کی اپیل کردی، علماء نے کہا کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے تنبیہ ہے، مشکل  گھڑی میں  قوم توبہ اور استغفار کرے،قدرتی آفت کے خاتمے کیلئے توبہ، استغفار اور دعا سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں۔

علمائے کرام نے جمعہ کو یوم دعا منانے کی اپیل کردی، علماء نے کہا صرف زبان نہیں بلکہ عملی طور پر توبہ کی جائے ، وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور بھی اجاگر کیا جائے۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا قوم توبہ کی طرف متوجہ ہو، فحاشی اور بے حیائی کے پروگرام روکے جائیں، مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا قرآن کریم میں فرمایا گیا جو بھی مصیبت آتی ہے تمہارے عمل کی وجہ سے آتی ہے، گناہ پر پکڑ ہوجاتی ہے۔

خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا وزیرعظم  سے اپیل ہےد عاؤں کا سلسلہ شروع کیا جائے، پیر سید غلام نظام الدین جامی  نے کہا کسی بھی قدرتی آفات کیلئے توبہ،استغفار اور دعا سے بڑھ کر کوئی عمل  نہیں۔

تنظیم اسلامی کے حافظ عاکف سعید کا کہنا تھا درود کی کثرت اور نوافل و صدقات میں اضافہ کیا جائے،مفتی راغب نعیمی نے کہا کوئی کورونا کا شکار ہو تو آزمائش سمجھ کر دعائیں مانگنی چاہئیں۔

جماعت اہلسنت کے رہنما مولانا شریف ہزاروی نے کہا بے شک یہ وبا ٹالنا انسان کے بس کی بات نہیں، انسان اللہ کے آگے پیشانی ٹیک کر دعا کرے، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس نےکہا جمعہ کو یوم دعا منایا جائے۔

قاری حنیف جالندھری نے کہا مسلمانوں کو اس پریشانی کی صورتحال میں اللہ تعالی سے رجوع کرنا چاہئے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اپیل کی مساجد اور گھروں میں اذانیں دینے کی مہم پھر شروع کی جائے۔