Thursday, May 9, 2024

وزیر اعظم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غریبوں کا حق کھانے والوں پر برہم

وزیر اعظم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غریبوں کا حق کھانے والوں پر برہم
January 14, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں فراڈ پر وزیر اعظم  برہم ہو گئے ، غریبوں کا حق کھانے والے سرکاری افسران کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے ملوث سرکاری افسران کے نام عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کر دی ، عمران خان نے حکم دیا ہے کہ غربا کے نام پر فراڈ کرنے والوں سے رعایت نہ برتی جائے، وزیراعظم کی ہدایت پر متعلقہ افسروں کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  سے گریڈ 17 سے گریڈ 21 تک کے  اعلیٰ افسران کے بھی مستفید ہونے کا انکشاف ہوا  تھا۔ متعدد اعلیٰ سرکاری افسران اپنی بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے ہیں ، سب سےزیادہ سرکاری ملازمین سندھ میں نوازے گئے ۔ بلوچستان میں 741افسروں کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لینے کا انکشاف ہوا ۔ معاملے پر  وفاقی وزیر  فواد چودھری نے  کہا کہ کوئی شرم ہوتی  ہے،کوئی حیاہوتی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسروں کی جانب سے پیسے وصول کرنے پر فواد چودھری نے کہا کہ  غریب ترین لوگوں کے حق  پر اس بے حیائی سے ڈاکہ ڈالنے کو کیا کہا جائے۔