Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم اور نیب انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہیں ، سعید غنی

وزیر اعظم اور نیب انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہیں ، سعید غنی
October 9, 2019
کراچی (92 نیوز) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے وزیر اعظم اور نیب پر انتقامی کارروائیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ  جو کچھ ہو رہا ہے کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم نے  چین میں نئی خواہش کا اظہار کیا ، کہا کہ میری بھی خواہش ہے کہ چین کی طرح  500 لوگوں کو پکڑوں ۔ سعید غنی نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام کسی پر بھی لگایا جا سکتا ہے ، خورشید شاہ اور ان کی پوری فیملی پر الزام لگا دیا گیا، پیپلزپارٹی کا جو بھی رہنما بولتا ہے اس کے پیچھے نیب کو سرگرم کردیا جاتا ہے،ہمارے بہت سے لوگ ضمانت پر ہیں،ان کیخلاف ریفرنس فائل نہیں ہوا۔ رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا  وزیر اعظم ، وزیر دفاع ، زلفی بخاری اور وزیر اعلیٰ کے پی کے  کیخلاف نیب میں انکوائریاں ہو رہی ہیں ان لوگوں کو نہیں پوچھا جا رہا ، نیب صرف ہمارے لئے ہے  ، علیمہ بی بی کی  جائیدادیں نکلیں تو انہیں صرف جرمانہ کیا گیا ،فریال تالپور کی کوئی پراپرٹی ثابت نہیں ہوئی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آپ نے ایک کیس میں چار آدمیوں پر الزام لگایا،یہ انصاف کے ساتھ مذاق کررہے ہیں ،تماشہ کررہے ہیں ،مہنگائی ملک پر عذاب بن کر نازل ہوگئی ہے، ڈرامہ رچایا جارہا ہے تاکہ  لوگوں کی توجہ حکومت کی طرف نہ جائے۔