Friday, April 26, 2024

وزیر اعظم اور امریکی صدر میں ٹیلیفونک رابطہ ، کورونا سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر گفتگو

وزیر اعظم اور امریکی صدر میں  ٹیلیفونک رابطہ ، کورونا سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر گفتگو
April 22, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواجس میں  عالمی سطح پر کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں سربراہان کے درمیان کورونا وائرس وباء کے چیلنج پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کورونا سے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات اور اس کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی ۔ دونوں سربراہان میں علاقائی مسائل پر بات چیت سمیت پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیراعظم نے امریکہ میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وباء کو روکنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔ امریکی صدر نے دوران گفتگو وزیراعظم کے کورونا ٹیسٹ کا بھی ذکر کیا ۔ اور انہیں ٹیسٹ کے لئے جدید ترین ریپڈ ٹیسٹ مشین بھیجنے کی پیشکش بھی کی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کورونا وباء سے نمٹنے کے علاوہ لاک ڈاؤن میں آبادی کو بھوک سے بچانے کا چیلنج بھی درپیش ہے ۔ حکومت نے وباء سے متاثرہ افراد کے لئے 8 ارب ڈالر کا پیکیج دیا ہے ۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف اور دوسرے فورمز پر تعاون فراہم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام سے وباء کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں میں نرمی کا پروگرام وباء کے اثرات کم کرنے میں معاون ہوتا ہے ۔ عمران خان نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کیلئے پاکستان تعاون جاری رکھے گا ۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہونے چاہئیں۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال کو صدر ٹرمپ نے سراہا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے امریکا پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا ۔ پاکستان کو وینٹی لیٹرز بھی فراہم کئے جائیں گے ۔