Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم اور ابراہیم محمد صالح میں ٹیلیفونک رابطہ، کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم اور ابراہیم محمد صالح میں ٹیلیفونک رابطہ، کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال
August 10, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں باہمی تعلقات ،خطہ کی صورتحال اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے مالدیپ کے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا مالدیپ کا معیشت کی بحالی اور ٹوئریزم سیکٹر کے لئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ پاکستان میں انسانی زندگی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ روزگار کی بحالی کے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ ہماری اسمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی بہت کامیاب رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اسمارٹ لاک ڈاون کے ذریعے بتدتریج معیشت کے مختلف شعبے کھولے گئے ۔ قرضوں میں نرمی کے عالمی پروگرام کا مقصد ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو کورونا کے اثرات سے بچانا ہے ۔ ترقی پذیر ممالک کے پاس طبی شعبے کی بہتری کے لئے وسائل کم ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کو صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ جنوبی ایشیائی ممالک باہمی تعاون سے اپنے اقتصادی وسائل سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔