Tuesday, April 23, 2024

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا چیراٹ ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا چیراٹ ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز کا دورہ
January 11, 2018

راولپنڈی ( 92 نیوز ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیراٹ میں اسپیشل سروسز گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔وزیر اعظم کو ایس ایس جی کی صلاحیتیوں ، اور قابلیت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع خرم دستگیر خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے  آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ  کے ہمراہ چیراٹ میں ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔ وزیراعظم  نے  ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز میں  یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  کو ایس ایس جی کے استعداد کار اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر جری کمانڈوز نے اپنی مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے  ایس ایس جی کے زیر استعمال ہتھیاروں سے چند فائر بھی  کیے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے آرمی اور ایس ایس جی کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ایس ایس جی کی کارکردگی کو سراہا۔  خطاب میں وزیر اعظم کا کہناتھا کہ دہشتگردی کیخلاف ایس ایس جی کی کاوشیں کلیدی ہیں۔ پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں سے پاکستان کا امن بحال ہوا ہے۔