Saturday, April 20, 2024

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ، ڈی جی  لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ، ڈی جی  لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی
May 30, 2015
اسلام آباد(92نیوز) وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے جہاں پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیر اعظم اور آرمی  چیف کو سکیورٹی کے حوالے سے ملک کی اندرونی و بیرونی صورتحال اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈی جی آئی ایس آئی  نے دہشتگردوں کے خلاف شروع کئے گئے کامیاب  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے حوالے سے اگاہ کیا اور بتایا کہ ان آپریشنز کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی واقعات کو بر وقت روکا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے  دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ  میں آئی ایس آئی کے جوانوں اور افسران نے جان کی قربانیاں دی ہیں ، ہمیں آئی ایس آئی پر فخر ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  خوشحال پاکستان کے لئے انتہا پسندی اور دہشتگردی بہت بڑا چیلنج ہے ، غیر ملکی خفیہ ادارے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں جس پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے ملکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر پاکستان کا تحفظ یقینی بنائیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے انٹیلی جنس اداروں کا کردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہم پاکستان مخالف ہر مہم سے سختی سے نمٹیں گے۔ وزیر دفاع  خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔