Sunday, May 12, 2024

وزیر اعظم انتخابی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں ، شبلی فراز

وزیر اعظم انتخابی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں ، شبلی فراز
May 12, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم اصلاحات سے انتخابی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں ،وزیراعظم کی سوچ کا محور ہی عام پاکستانی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  18ہویں ترمیم آئین  کا حصہ ہے ، قوانین میں ترمیم کیلئے اگر کسی پارٹی کے پاس اکثریت ہے تو وہ ہونی چاہئے ،  شوگر اور آئی پی پیز کی رپورٹ ضرور آئے گی،اس وقت ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں جس میں سب سے بڑا کورونا ہے،لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے ہم نے بہت بڑا رسک لیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم قومی اسمبلی کے اجلاس میں ضرور آئیں گے، ان سے بھی سوال کرنا چاہئے جنہوں نے اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور خود ہی نہیں آئے، اپوزیشن لیڈر ملک تو نہیں چلا رہے، وہ کر کیا رہے ہیں، وہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں آئے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے،  صحت یاب ہونے کے بعد اپنے فرائض دوبارہ سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شائد نیب شاید اس لیول کا کام نہیں کررہا جس کی اس سے توقع کی جارہی تھی،نیب کا قانون تبدیل ہونا چاہئے،یہ بل قومی اسمبلی میں جائے گا، وہیں اس حوالے سے فیصلہ ہوگا۔

کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ وبا کسی بھی وقت پیک پر جاسکتی ہے،ہماری لاک ڈاؤن کرنے کی طاقت  ختم ہوچکی ہے،پاکستان سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک مستقل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتا،سب سے اچھی بات یہی ہے کہ کاروبار بھی چلتا رہے اور ہم وبا سے بھی بچتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ  لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کمزور طبقے کے لیے کیا گیا، زلاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگوں نے احتیاط کو بالائے طاق رکھ دیا ہے ، وزیر اعظم نے عوام سے ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنے کی اپیل کی۔

شبلی فراز نے بتایا کہ  کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے معاملات میں بے قاعدگیوں کی درستگی کے لئے آڈٹ کی منظوری دے دی، سرکاری اداروں میں بہترین افرادی قوت لانے کے لیے ڈاکٹر عشرت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی سینئر لیول پر بھرتیوں کے حوالے سے ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرے گیوزیر قانون متعلقہ قوانین میں ترامیم کے لیے سفارشات پیش کریں گے۔