Saturday, May 11, 2024

وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے
September 21, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکا پہنچ گئے ۔ عمران خان امریکا کے دورے پرنیویارک پہنچ گئے،کل امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے،27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ہوگا، وزیراعظم تھوڑی دیر ہوٹل میں آرام کرنے کے بعد اپنی سرگرمیاں آج ہی شروع کردیں گے۔ وزیراعظم عمران خان  کشمیریوں کا مقدمہ لیکر امریکا پہنچ گئے۔ اقوام متحدہ کی  جنرل اسمبلی میں27ستمبر کو مسئلہ کشمیر اجاگر کریں گے ، روز ویلٹ ہوٹل میں قیام کے بعد  آج کشمیراسٹڈی گروپ اور انٹرنیشنل فرنچائز ایسوسی ایشن کے وفود سے ملاقاتیں ہوں گی،العربیہ ٹی وی کو انٹرویو میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ہوگی، مصر، ایتھوپیا ، نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم سے ملاقات کریں گے، ترک صدر طیب اردوان اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم کے7روزہ دورے کا مقصد کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کوآگاہ کرنا ہے، اسلاموفوبیا پر پاکستان،ترکی اورملائیشیا کا اجلاس بھی ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی زلفی بخاری کے ہمراہ نیویارک کے جے ایف کینیڈی ایئرپورٹ پہنچے جہاں پاکستانی سفیر اور ملیحہ لودھی نے استقبال کیا قبل ازیں وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ،  عمران خان اور وفد کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا ،وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں نوافل ادا کئے۔ وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں نماز جمعہ بھی ادا کی۔ عمرے کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم مدینہ منورہ پہنچے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔ ریاض الجنہ میں خصوصی نوافل ادا کئے۔ ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ وزیراعظم کیلئے حجرہ روضہ رسولﷺکھول دیا گیا۔ وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کے دوران شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے تعلقات کو حقیقی بھائیوں جیسا قرار دیا اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تفصیل جاری کر دی۔ عمران خان 21  سے 27 ستمبر تک جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی درجنوں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔