Thursday, April 25, 2024

وزراء کے سرکاری اسپتالوں میں علاج تک اسپتال ٹھیک نہیں ہوسکتے، وزیراعظم

وزراء کے سرکاری اسپتالوں میں علاج تک اسپتال ٹھیک نہیں ہوسکتے، وزیراعظم
April 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ سابق دور میں صاحب اقتدار کو کھانسی بھی آتی تو علاج کیلئے باہر چلے جاتے تھے۔ جب تک وزراء سرکاری اسپتالوں میں علاج نہیں کرائیں گے اسپتال ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ آج ہمارے صاحب اقتدار چاہیں بھی تو باہر جا کر علاج نہیں کراسکتے۔ وزیراعظم عمران خان نے کامسٹیک ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ خود اعتمادی سے قومیں ترقی کرتی ہیں، خود اعتمادی لوگوں کو مشکلات سے نبردآزما ہونا سکھاتی ہے، سنت نبوی ﷺ پر چلنے والا دنیا کا کامیاب انسان بن جاتا ہے، ریاست مدینہ میں لوگوں کو خود پر یقین کرنا آگیا تھا، جوسمجھتا ہے کہ وہ کچھ بھی کرسکتا ہے وہ آگے بڑھتا ہے، بدقسمتی ہے کہ ہم اپنا راستہ کھو بیٹھے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی وقت پاکستان ایشیاء میں سب سے تیزی سے ترقی کر رہا تھا، کورونا وائرس ملک میں کچھ چیزیں سامنے لایا ہے، ضروری نہیں آپ تمام چیزیں دنیا سے امپورٹ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور ریسرچ پر پیسہ خرچ نہیں کیا گیا، کچی بستیوں کا طبقہ ہر روز موت دیکھتا ہے، ہمارے ایلیٹ مغرب سے اتنے متاثر تھے، وہ ان سے مقابلے کا سوچتے ہی نہیں تھے۔ وزیراعظم بولے کہ جلد بازی میں لاک ڈاؤن کردیا، سوچاہی نہیں دیہاڑی دارطبقہ کیا کرے گا، ملک کو آگے لے جانے کیلئے طویل مدت پالیسی بنانا ہوگی، غربیوں کی بستیوں کو اوپر اٹھانے کیلئے زور لگانا ہے، لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا نے ہمیں سکھایا نالج اکانومی کی طرف جاناہے، میرٹ نہ ہونے سے ہمارا بہترین ٹیلنٹ ملک سے باہر چلا گیا، جہاں امیروں کا جزیرہ اورغریبوں کا سمندر ہو وہ ملک آگے نہیں چل سکتا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے طبی مصنوعات کی نمائش بھی دیکھی۔