Thursday, April 18, 2024

وزارتِ خارجہ میں قائم "کشمیر سیل" کا پہلا اجلاس ، کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ

وزارتِ خارجہ میں قائم "کشمیر سیل" کا پہلا اجلاس ، کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ
September 3, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ خارجہ میں قائم "کشمیر سیل" کا پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ‏مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، اور پاکستان کی اب تک کی جانے والی ‏سفارتی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ،سول و عسکری حکام ،سیکریٹری خارجہ سمیت وزارتِ خارجہ ‏کے سینیئر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں کشمیر ‏کونسل کے اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز، چیرمین سینٹ کمیٹی برائے امور خارجہ، اور معزز ممبران ‏پارلیمنٹ کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ‏مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کا بیانیہ مسلسل تبدیل ہوتا آ رہا ہے جبکہ پاکستان کا ‏نقطئہ نظر یکساں، واضح، اور دوٹوک ہے۔ دوران اجلاس مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق ‏کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں مختلف فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر مشاورت ‏کی گئ۔ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے اور ان ‏کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے ‏گا۔ خصوصی سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلقہ تازہ ترین صورتحال پر غور و ‏خوض کرنا اور ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے پیش نظر ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ‏موثر حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔