Thursday, April 25, 2024

وزارت ملتے ہی شیخ رشید کا رویہ بدل گیا،پروٹوکول کیلئے شہریوں کی گاڑیاں گرادیں

وزارت ملتے ہی شیخ رشید کا رویہ بدل گیا،پروٹوکول کیلئے شہریوں کی گاڑیاں گرادیں
August 29, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز) عوامی مسلم لیگ کے عوامی لیڈر شیخ رشید کا نئے پاکستان میں نیا رنگ  سامنے آگیا ۔  وزارت ملنے کے چند دن میں ہی حلقے کے عوام سے رویہ بدل لیا ،  پروٹو کول کے لیے شہریوں کی موٹر سائیکلیں گر وا دیں  ،  سونے پہ سہاگا یہ کہ ٹریفک وراڈن کو معطل بھی کروا دیا ۔ الیکشن سے قبل تنگ گلیوں میں  موٹر سائیکل پر مہم چلانے والے فرزند راولپنڈی  جو خود کو عوامی قرار دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، وہی شیخ رشید وزارت ملنے کے بعد تیور بھی بدل گئے ۔ شیخ رشید  لال حویلی جانے کیلئے بوہڑبازار سےگزرے تو رستے میں کھڑی موٹر سائیکلیں ناگوار گزریں ،  شیخ صاحب کی ناراضی سے بچنے کیلئے ٹریفک وارڈن شہریوں کی موٹر سائیکلوں کو جلدی میں ہٹانے کے بجائے گراتا رہا ۔ شیخ رشید نے معاملے کی عکس بندی کرنے والے شہری سے کہا وہ ان کا لحاظ کرتے ہیں ورنہ یہ ساری موٹر سائیکلیں اٹھوا سکتے ہیں ۔ خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا ،  ادھر شہریوں کا کہنا ہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وزیر بننے سے قبل اسی رستے اور ہجوم سے سب کو سلام کرتے گزرتے تھے۔