Saturday, April 20, 2024

وزارت مذہبی امور کی کوششیں بار آور ثابت،اسلام آباد کے علما ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کے اوقات پر آمادہ ہوگئے

وزارت مذہبی امور کی کوششیں بار آور ثابت،اسلام آباد کے علما ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کے اوقات پر آمادہ ہوگئے
April 29, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزارت مذھبی امور کی کوششوں سے اسلام آباد کے علماء ایک وقت میں اذان اور نماز کے اوقات پر آمادہ ہو گئے ہیں،اس حوالے سے صدر مملکت ممنون حسین اعلان کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کی کوششوں سے آخر کار وہ مشکل کام ہو ہی گیا جسے گذشتہ ادوار میں مشکل ہی نہیں ناممکن سمجھ کر چھوڑ دیا گیا تھا ۔ اذان اور نماز کی ایک ہی وقت میں ادائیگی کے چیلنج کو بالآخر  وزارت مذھبی امور نے ایک کمیٹی بنا کر پورا کر ہی لیا، وزارت مذھبی امور نے دو ماہ قبل صلوۃ اور اذان کمیٹی قائم کی ،جسے تمام مسالک کے علماء کو ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کا اہتمام کرنے پر رضا مند کرنیکا ٹٓاسک دیا گیا اور اسے تمام مسالک کے علماء نے ملکر آسان بنایا۔ یہ اہم اعلان یکم مئی کو فیصل مسجد میں امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر  صدر مملکت ممنون حسین کرینگے۔ علماء کرام وفاقی دارالحکومت میں ایک ہی وقت اذان اور نماز کی ادائیگی کے فیصلے کو سنگ میل قرار دیتے ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذھبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں اذان اور نماز کا اہتمام کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے جس سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔