Thursday, March 28, 2024

وزارت مذہبی امور نے قومی کمیشن برائے اقلیت کیلئے نئی سمری کابینہ کو بھجوا دی

وزارت مذہبی امور نے قومی کمیشن برائے اقلیت کیلئے نئی سمری کابینہ کو بھجوا دی
May 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزارت مذہبی امور نے قومی کمیشن برائے اقلیت کیلئے نئی سمری کابینہ کو بھجوا دی۔ وزارت مذہبی امور نے قادیانیوں کو قومی کمیشن برائے اقلیت میں شامل نہ کرنے کی سفارش کر دی۔ 92نیوز کے معاملہ اٹھانے پر وزارت مذہبی امور نے قادیانیوں کو قومی کمیشن برائے اقلیت میں شامل نہ کرنے کی سفارش کر دی۔ لکھا مذہبی اور تاریخی حساسیت کی وجہ سے قادیانیوں کو کمیشن میں شامل نہ کیا جائے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گا کہ کسی قادیانی کو اقلیتی کمیشن میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ وزارت مذہبی امور نے ہندو رکن چیلا رام کو کمیشن کا چیئرمین بنانے کی تجویز دی ہے۔ قومی کمیشن برائے اقلیت میں 6 آفیشل اور 12 نان آفیشل ممبران شامل ہونگے۔ کابینہ کی منظوری کیلئے بھجوائی گئی سمری کے مطابق نان آفیشل ممبران میں تین ہندو، تین عیسائی، دو سکھ ممبران شامل ہونگے۔ ایک پارسی اور ایک کیلاش مذہب کا نمائندہ  جبکہ دو مسلمان ممبران بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔ کمیشن میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، سیکریٹری مذہبی امور، وزارت داخلہ ، وزارت قانون، وزارت انسانی حقوق اور وزارت تعلیم کے گریڈ 20 سے اوپر کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 21 اپریل کو وفاقی کابینہ نے قادیانیوں کو قومی اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ 92 نیوز نے معاملہ اٹھایا تو حکومتی مشینری حرکت میں آئی اور بالاآخر وفاقی حکومت کو فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑی۔