Thursday, September 19, 2024

وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں 120روپے جبکہ پی آئی اے نےکرائے میں 4000روپے کمی کردی

وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں 120روپے جبکہ پی آئی اے نےکرائے میں 4000روپے کمی کردی
April 2, 2016
اسلام آباد(92نیوز)حاتم طائی کی قبر پر لات رسید کرنے کا محاورہ تو سب نے سُنا ہوا ہوگا، لیکن اس محاورے کا عملی  ثبوت وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں مبلغ ایک سو بیس روپے کی کمی فرما کر پیش کیا ہے۔ ساتھ ہی پی آئی اے نے منافع نہ لینے کے اعلان کے ساتھ دوطرفہ کرایے میں چار ہزار کی کمی کر دی ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزارت مذہبی امور نے اپنی بریفنگ میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ رواں سال حج اخراجات میں ایک سو بیس روپے کی کمی کی گئی ہے۔ گذشتہ سال حج اخراجات 2 لاکھ 64 ہزار 9 سو 71 روپے تھے جبکہ اس سال حج اخراجات کی 2 لاکھ 64 ہزار 8 سو 51 روپے کرنے کی تجویز ہے۔ سرکاری سکیم کے تحت مکہ میں رہائش کے 2 ہزار ریال، مدینہ میں رہائش کے 7 سو جبکہ کھانے کے 7 سو 20 ریال اور ٹرانسپورٹ کی مد میں تین سو ریال وصول کئے جائیگے۔ حج پالیسی پر بریفنگ سے قبل وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے میڈیا کو باہر نکالنے کی درخواست بھی کی، جو منظور نہ ہو سکی۔ کمیٹی کو بتا یا گیا ہے کہ وزارت نے نجی حج ٹور آپریٹرز کے کوٹے میں دس فیصد کمی کی تجویز دی ہے جس کے تحت ساٹھ فیصد حاجی سرکاری سکیم جبکہ چالیس فیصد ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کرینگے۔ سرکاری سکیم کے تحت چار سے چودہ اپریل تک حج درخواستیں لینے کی تجویز ہے جبکہ قرعہ اندازی سترہ اپریل کو ہوگی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ دوران حج زخمی افراد کو دو لاکھ جبکہ جاں بحق حاجیوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر حج کرایوں میں منافع نہ لینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت حج کرایے میں چار ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور سیالکوٹ کے لئے عازمین حج کا کرایہ 95 ہزار جبکہ کراچی، کوئٹہ اور سکھر سے حج کا کرایہ 86 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔