Sunday, May 19, 2024

وزارت داخلہ نے غیرسرکاری تنظیم ،سیودی چلڈرن ،کو کام سے روکتےہوئے دفتر سیل کر دیا

وزارت داخلہ نے غیرسرکاری تنظیم ،سیودی چلڈرن ،کو کام سے روکتےہوئے دفتر سیل کر دیا
June 12, 2015
  اسلام آباد(92نیوز)دنیا بھر میں بچوں کی بہبود کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی او '' سیو دی چلڈرن'' کے کام پر فوری طورپرپابندی عائد کر کے  اسلام آباد میں اسکے  دفتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی او ''سیو دی چلڈرن'' کو فوری طور پر اپنا کام بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ یہی نہیں بلکہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث  اس ادارے کے سٹاف کو  فارغ کرنے کے علاوہ 15 روز  میں پاکستان چھوڑنے کا حکم بھی دیا گیا ہے ۔ اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران چیمہ نے وزارت داخلہ کا تحریری نوٹس این جی او حکام کے حوالے کیا جسکے فوری بعد سیو دی چلڈرن کا اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں واقع دفتر بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کو  اس این جی او کے پاکستان کے خلاف کام کرنے کے شواہد ملے تھے،سیو دی چلڈرن کے عملے پر بھی بچوں کے حقوق پر کام کرنے کی آڑ میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔