Monday, May 13, 2024

وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا

وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا
February 21, 2019
 لاہور (92 نیوز) ن لیگ کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا۔ وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔ نیب نے اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ اس حوالے سے نیب نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط بھی لکھا۔ نیب کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کے مطابق شہباز شریف کے خلاف آمدن  سے زائد اثاثوں کا کیس زیر تفتیش ہے۔ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز میں بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں جبکہ لاہور کی احتساب عدالت شہباز شریف اور دیگر ملزموں پر فرد جرم بھی عائد کر چکی ہے۔ نیب لاہور شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔ قبل ازیں شہباز شریف کی آشیانہ اسکینڈل ، رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی۔ عدالت نے دس دس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد نے استفسار کیا کہ رمضان شوگر ملز کےعلاوہ اس علاقے میں کوئی اور اسکیم بنائی گئی؟۔ شہبازشریف کے وکیل نےجواب دیا محلہ فتح آباد، مقصود آباد سمیت چنیوٹ کے دیگر اضلاع میں ایسی ہی اسکیمیں بنائی گئیں۔ موضع جھمب چنیوٹ میں اٹھاون  ملین سے سیوریج اسکیم بنائی گئی۔ شہباز شریف کے وکیل نے بتایا مڈٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت رمضان شوگر ملز کے پاس نالے کی تعمیر کی گئی۔ مڈٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک کی بک اسمبلی نے منظور کی اور کابینہ نے بھی منظوری دی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نالے کا رخ رمضان شوگر ملز کی طرف کیوں موڑا گیا؟۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گوگل میپ پیش کر دیا اور بتایا نقشے کے تحت جامعہ آباد کے بعد وہاں آبادی نہیں تھی۔ رمضان شوگر ملز اس نالے سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں کر سکتی تھی، شوگر ملز موسم کے حساب سے چلتی ہے۔