Tuesday, April 16, 2024

وزارت داخلہ متحدہ قائد کے بیان کا معاملہ دیکھ رہی ہے : ترجمان دفترخارجہ

وزارت داخلہ متحدہ قائد کے بیان کا معاملہ دیکھ رہی ہے : ترجمان دفترخارجہ
August 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کے بلوچستان سے متعلق حالیہ بیان کا بلوچ عوام نے پورے بلوچستان میں مظاہروں کی شکل میں جواب دیا۔ پاکستان کو بھارت اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ معاہدوں پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق حالیہ بیان کا بلوچ عوام نے پورے بلوچستان میں مظاہروں کی شکل میں جواب دیا۔ بیان مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم اور وزراءکے بیانات پر بھرپور عوامی جواب بھارتی قیادت کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ متحدہ قائد کے بیان کا معاملہ دیکھ رہی ہے۔ الطاف حسین کے معاملہ پر وزارت داخلہ نے کئی مواقع پر برطانوی حکومت سے معاملہ اٹھایا ہے۔ بھارت کی جانب سے افغانستان کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے مطلع کیا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ معاہدوں پر کوئی اعتراض نہیں تاہم افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ ترجمان نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر سے متعلق قراردادیں ابھی تک حل طلب ہیں۔ بھارت نے گزشتہ ماہ او آئی سی کی جانب سے بھی مقبوضہ کشمیر میں حقائق جاننے والے کمیشن بھیجنے کی پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا۔