Monday, September 16, 2024

وزارت خارجہ کا آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ قائمہ کمیٹی میں پیش

وزارت خارجہ کا آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ قائمہ کمیٹی میں پیش
February 1, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزارت خارجہ کا  آئندہ مالی سال کا ترقیاتی  بجٹ قائمہ کمیٹی میں پیش،  چین میں 3 کروڑروپے کے ثقافتی پروگرام کے علاوہ  کوئی ترقیاتی منصوبہ، بجٹ میں شامل نہیں، قائمہ کمیٹی کا منظوری دینے سے انکار، وزارت خارجہ سے مزید تفصیلات طلب کر لیں۔ تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی اویس لغاری کی زیر صدارت ہوا۔ قائمقام سیکریٹری خارجہ وحید الحسن نے کمیٹی ارکان کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں رواں اور آئندہ برس کے لئے  وزارت خارجہ کے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ رواں برس کے لئے وزارت خارجہ کا ترقیاتی بجٹ صرف 3 کروڑ ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا  کہ وزارت خارجہ کا آیندہ برس کے لیے پی ایس ڈی پی نہایت کم ہے، سفارت خانوں کے لیے آیندہ برس کوئی نئی عمارات نہیں لی جا رہیں، آئندہ برس کے پی ایس ڈی پی میں وزارت خارجہ کی صرف ایک عمارت کا منصوبہ ہے۔ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں صرف چین میں ثقافتی  پروگرام کے انعقاد کا منصوبہ شامل ہے جس پر 3 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ شیریں مزاری نے کہا کہ  کیا آپ یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیندہ برس وزارت خارجہ پاکستان کی پروموشن کے لیے کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ چیئرمین کمیٹی اویس لغاری نے کہا کہ کیا 3کروڑ کی لاگت سے چین میں  ہونے والی صرف ، تصویری نمائش ہی پاکستان کا بیرون ممالک امیج بہتر بنانے کےلئے ہے، کیا جن ممالک میں پاکستان کا امیج خراب ہے وہاں اس کو بہتر بنانے کے لئے ضرورت نہیں ہے۔ کمیٹی نے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دینے سے انکار کردیا۔ چیئر مین کمیٹی  اویس لغاری نے ہدایت کی کہ  آئندہ اجلاس میں مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں۔