Thursday, April 25, 2024

ورکرز ویلفیئر بورڈ کے پی کے ملازمین بارے سماعت ، 294 اساتذہ کی برطرفی کیخلاف اپیلیں خارج

ورکرز ویلفیئر بورڈ کے پی کے ملازمین بارے سماعت ، 294 اساتذہ کی برطرفی کیخلاف اپیلیں خارج
July 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے پی کے ملازمین سے متعلق مقدمات کی سماعت میں 294 اساتذہ اور دیگر تعلیمی عملے کی برطرفی کیخلاف اپیلیں خارج کر دی گئیں۔ چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے کے پی کے ورکرز ویلفیئر بورڈ ملازمین کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تعلیمی اداروں کے 294 اساتذہ اور دیگر تعلیمی عملے کی اپیلیں خارج کرکے برطرفی کا فیصلہ برقرار رکھا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے عندیہ دیا کہ تمام افسران اور ملازمین کو فارغ کر دینگے، نیا بورڈ تشکیل دیا جائے گا اور تمام بھرتیاں بھی دوبارہ ہونگی۔ تحریری فیصلے میں  ورکرز ویلفئیرز بورڈ سے متعلق سب کچھ لکھیں گے۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ کسی سرکاری ادارے میں وزراء کے سفارشی برداشت نہیں کرینگے۔ ورکرز ویلفیر بورڈ کے پی کے میں کرپشن اور اقرباپروری عروج پر ہے۔ تمام بھرتیاں سیاسی ہیں یا پھر افسران نے اپنے رشتہ دار بھرتی کیے۔ ورکرز ویلفئیر بورڈ گھوسٹ ملازمین سے بھرا پڑا ہے۔ جسٹس اعجاز الااحسن نے ریمارکس دیے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ بھرتیوں میں وزراء کا کیا کام ہے، مزدوروں کا پیسہ سیاسی رشوت کے طور پر پھینکا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ورکرز ویلفیئر بورڈ افسران کو ذرا شرم نہیں آتی،  ورکرز ویلفیئر بورڈ کرپٹ ترین ادارہ ہے، کوئی ملازم بھی قانون کے مطابق بھرتی نہیں کیا گیا۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ تحلیل کرکے تمام افسران کو فارغ کردینگے۔