Sunday, September 8, 2024

ورلڈکپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی‘ شہریار خان کا مستعفی ہونے سے انکار

ورلڈکپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی‘ شہریار خان کا مستعفی ہونے سے انکار
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب ہیڈکوچ وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کو ٹور رپورٹ پیش کر دی۔ چیئرمین پی سی بی نے رپورٹ پر ریمارکس لکھ کر اسے مینجمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔ شہریارخان کا کہنا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس نے زبانی کلامی اپنا دفاع کیا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں شکست پر ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے ایک دوسرے پر الزامات سے بھرپور رپورٹس تیار کر لی ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی کارکردگی کو اپنا کریڈٹ قرار دے دیا۔ ہیڈ کو چ وقار یونس اور ٹیم مینجر انتخاب عالم کی تیار کی گئی رپورٹس میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کی نشاندہی کرتے ہوئے مجموعی رویہ کو قابل تعریف اور لائق تقلید قرارنہیں دیا۔ سلیکشن کمیٹی نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات سے بری الذمہ ہونے کے لیے متبادل پوائنٹس تیار کر لیے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے شرجیل خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو میدان میں کھلانا ٹیم مینجمنٹ، کوچ اور کپتان کا کام ہے اس لیے اس کا ذمہ دار سلیکشن کمیٹی کو قرار دینا سراسر غلط ہے۔