Monday, September 16, 2024

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راﺅنڈ : ہالینڈ جیت کے قریب پہنچ کر ہمت ہار بیٹھا

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راﺅنڈ : ہالینڈ جیت کے قریب پہنچ کر ہمت ہار بیٹھا
March 9, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) بھارت میں جاری ورلڈ ٹی ٹوینٹی کرکٹ مقابلوں کے کوالیفائنگ راو¿نڈ کے میچ میں بنگلہ دیش نے ہالینڈ کو آٹھ رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق دھرم شالا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ہالینڈ کو فتح کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ہالینڈ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا پائی۔ میچ کے آخری اوور میں ہالینڈ کو فتح کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن وہ یہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے بولنگ کا آغاز امین الحسین نے کیا۔ ہالینڈ کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں اکیس کے سکور پر گری جب بریسی امین الحسین کی گیند پر صابر رحمن کو کیچ دے بیٹھے۔ نویں اوور میں مائی برگ محمداللہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کوپر 77 کے سکور پر گیاروہیں اوور میں شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ سپن سے بھرپور بنگلہ دیش بالنگ اٹیک نے ہالینڈ کی بیٹسمینوں کو رن ریٹ میں اضافہ کرنے سے روکے رکھا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مشرفی مرتضیٰ نے چار اوور میں 14 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ تسکین احمد نے چار اوور میں 21 رنر دیے اور وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے تمیم اقبال کے 83 رنز کی بدولت 153 رنز بنائے تھے۔ بنگلا دیش کا اگلا میچ آئرلینڈ کے ساتھ جمعہ 11 مارچ کو ہے جبکہ ہالینڈ بھی اپنا دوسرا میچ اومان کے ساتھ جمعہ کے روز ہی کھیلے گی۔