Friday, April 26, 2024

ورلڈ کپ، پاکستان کی آئرلینڈ کو 7وکٹوں سے شکست

ورلڈ کپ، پاکستان کی آئرلینڈ کو 7وکٹوں سے شکست
March 16, 2015
ایڈیلیڈ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے پول مرحلے کے اہم میچ میں آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی چوتھے اوور میں ملی جب احسان عادل نے تین رنز بنانے والے پال اسٹرلنگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ایڈ جائس گیارہ اور نیل اوبرائن بارہ رنز بنا کر پویلین لوٹے، بال بیرنی اٹھارہ اور گیری ولسن انتیس رنز بنا سکے۔ ایک سو سات رنز بنا کر آئرش کپتان پورٹر فیلڈ نمایاں رہے۔ جان مونی تیرہ اور جارج ڈاکریل نے گیارہ رنز بنائے اور پوری آئرئش ٹیم دو سو سینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وہاب ریاض نے تین،سہیل خان اور راحت علی نے دو دو جبکہ احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دو سو اڑتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے اننگز کا آغاز پراعتماد طریقے سے کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور ایک سو بیس رنز تک پہنچایا۔ احمد شہزاد تریسٹھ رنز بنا کر تھامسن کی گیند پر جوئس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد کے پویلین لوٹنے کے بعد حارث سہیل بھی تین اسکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ انتالیس رنز بنانے والے مصباح الحق اپنا ہی جوتا وکٹ پر لگنے سے پویلین لوٹے۔ پانچویں نمبر پر آنے والے عمر اکمل نے کریز پر پہلے سے موجود سرفراز احمد سے ساتھ مل کر ہدف سنتالیسویں اوور میں مکمل کرلیا۔