Saturday, April 20, 2024

ورلڈ کپ میں پانچ کھلاڑیوں نے دوبارپلیئر آف دی میچ کا اعزازحاصل کیا

ورلڈ کپ میں پانچ کھلاڑیوں نے دوبارپلیئر آف دی میچ کا اعزازحاصل کیا
March 29, 2015
میلبورن(سپورٹس ڈیسک)حالیہ ورلڈ کپ میں پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے دو بار مین آف دی میچ ایوارڈز اپنے نام کیا۔ ان میں سے ایک کھلاڑی شکست کے باوجود یہ اعزاز جیتنے میں کامیاب رہا۔ ورلڈ کپ میں  شامل ہر کھلاڑی نے اپنی بساط  سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن چند کھلاڑی ایسےبھی ہیں جنہوں نے اپنی انفرادی کارکردگی کے ذریعے اپنی ٹیموں کو فتح کی جانب گامزن رکھا۔ ان کھلاڑیوں میں پاکستانی بلے باز سرفراز احمد، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز اور بھارت کے شیکھر دھاون کے علاوہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ اور انہی کے  ہم وطن بلے باز مارٹن گپٹل شامل ہیں۔ یہ پانچوں کھلاڑی اپنی شان دار کارکردگی کی بدولت میگا ایونٹ میں دو دو بار پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ کی سب سے کمزور ٹیم سکاٹ لینڈ کوئی میچ نہ جیت سکی لیکن اس کے اوپنر کوئٹزر نے بنگلہ دیش کے خلاف اس قدر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا کہ میچ ہارنے کے باوجود انہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ  ہے کہ دو بار اعزاز پانے والوں میں سے دو کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہے جو آج فائنل میں ہارگئے ہیں۔