Friday, April 26, 2024

ورلڈ کپ: بنگال ٹائیگرز نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے زیر کرلیا

ورلڈ کپ: بنگال ٹائیگرز نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے زیر کرلیا
March 5, 2015
آسٹریلیا (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگال ٹائیگرز نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے زیر کر لیا۔ تمیم اقبال اور محمود اللہ نے بنگلہ دیش کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 139 رنز کی شراکت داری قائم کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ بنگلہ دیش کو کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے انگلینڈ یا کیویزکو ہرانا ہو گا۔ نیوزی لینڈکے شہر نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کرنے کافیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے والی اسکاٹش ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر تین سو اٹھارہ رنز بنائے جس میں کوئٹزر کی 156 رنز کی شاندار اننگز نمایاں شامل تھی۔ تین سو انیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنر سومیا سرکار صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن تمیم اقبال اور محمود اللہ نے بنگلہ دیش کی طرف سے ورلڈ کپ تاریخ میں ایک سو انتالیس رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور ایک سو چوالیس رنز تک پہنچا دیا۔ محمود اللہ باسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں تمیم اقبال اور مشفق الرحمان نے ایک بار پھر کریز پر قدم جمائے۔ 201 رنز پر تمیم اقبال 95 سکور بنا کر ڈیوی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ چوتھی وکٹ ساٹھ اسکور بنانے والے مشفق الرحمان کی گری  لیکن شکیب الحسن اور شبیر رحمان نے پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے ہدف اڑتالیس اعشاریہ ایک اوور میں مکمل کر لیا۔ کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے بنگلہ دیش کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں  سے کسی ایک میچ جیتنا ہو گا۔