Thursday, March 28, 2024

ورلڈ کپ 2019، پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے دی

ورلڈ کپ 2019، پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے دی
July 10, 2019

لندن (92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دے دی۔ 239 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم 221 رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 18 رنز سے شکست دی۔

کیویز نے بھارتی سورماؤں کا غرور اولڈٹریفورڈ کے میدان میں خاک میں ملا دیا۔ ہاٹ فیورٹ سمجھی جانیوالی بھارت کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔ پہلا سیمی فائنل 18 رنز سے کیویز کے نام رہا۔

 بارش کے باعث دوسرے دن ریزروڈے پر مکمل ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو صرف 240 رنز کا ہدف دیا تاہم مضبوط ترین سمجھی جانیوالی بھارتی بیٹنگ لائن ہدف کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی  اور 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔  

بھارت کی جانب سے روندراجدیجہ  نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم 77 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ ایم ایس دھونی   50 رنز  پر پہنچے تو مارٹن گپٹل نے ڈائریکٹ تھرو پر انہیں چلتا کیا۔  

 ہدف کے تعاقب میں بھارت کے پہلے چار کھلاڑی 24 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر کے ایل راہول ،روہت شرما، ویرات کوہلی محض ایک ایک رنز ہی بنا سکے۔ رشبھ پنت اور ہاردیک پانڈیا  بتیس بتیس  رنز بنا سکے۔

 نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری  نے تین ، بولٹ سینٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ نیشم اور فرگوسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ میٹ ہنری بہترین باؤلنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

 نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 239 رنز بنائے تھے۔ راس ٹیلر 74 کپتان کین ولیم سن  67 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ نیوزی لینڈ نے دوسری بار ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔