Friday, May 10, 2024

پاکستان بنگلہ دیش کو 94رنز سے شکست دینے کے باجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا

پاکستان بنگلہ دیش کو 94رنز سے شکست دینے کے باجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا
July 5, 2019
لندن (92 نیوز) پاکستان آئی سی سی ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کو 94رنز سے شکست دینے کے باوجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کی بدولت میچ ختم ہونے قبل ہی سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔یہ مسلسل دوسرا ورلڈکپ ہے جب پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان کیلئے ورلڈکپ 2019ءمیں اگر مگر کا کھیل ختم ہوگیا اور گرین شرٹس ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، بنگلا دیش کےخلاف آخری لیگ میچ میں پاکستان نے ٹاس تو جیت لیا لیکن سکور بورڈ پر بہت بڑا سکور سجانے میں ناکام رہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے دفاعی حکمت عملی کے انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے دوران فخر زمان دو مرتبہ  رن آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔ 23 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر اعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔ امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور وہ سنچری اسکور کرنے کے فوراً بعد ہی ہٹ وکٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ ایک بار پھر اسپنر کو غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز اسکور کیے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد سیف الدین کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔ سرفراز الیون کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بنگلہ دیش کو 316 رنز سے ہرانا ہو گا۔ کپتان سرفراز نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ کہتے ہیں 500 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم نے لندن میں پریکٹس کی۔ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے ویسٹ انڈیزکےخلاف میچ میں شکست ایک ڈراؤنا خواب تھا، افغانستان اور پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں نے حیران کن کھیل پیش کیا، ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو مضبوط کرنے کیلئے محنت کی ہے۔