Sunday, September 8, 2024

ورلڈ ٹی ٹوینٹی، گرین شرٹس ایشیا کپ میں بنگلا دیش سے ناکامی کا داغ مٹانے کیلئے پرعزم

ورلڈ ٹی ٹوینٹی، گرین شرٹس ایشیا کپ میں بنگلا دیش سے ناکامی کا داغ مٹانے کیلئے پرعزم
March 16, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں اپنا پہلا میچ آج بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا۔ گرین شرٹس ایشیا کپ میں بنگلا دیش سے ناکامی کا داغ مٹانے کے لیے پرعزم ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا۔ پاکستانی ویمنز ٹیم بھی ایکشن میں دکھائی دے گی۔ پاکستان ٹیم چھٹے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں اپنی مہم کا آغاز بنگلا دیش کے خلاف میچ سے کرے گی۔ ریکارڈ پر نظر دوڑائیں تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہے لیکن آخری دو میچوں میں بنگلا دیش نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور بنگلا دیش چار بار آمنے سامنے آئے ہر بار کامیابی نے گرین شرٹس کے قدم چومے۔ بیس ستمبر دو ہزار سات  کو پہلے ورلڈ ٹی ٹوینٹی  کے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان اور بنگلا دیش کا آمنا سامنا نہیں ہوا۔ دو ہزار دس  کے ایونٹ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو اکیس رنز سے شکست دی۔ پچیس ستمبر دوہزار بارہ کو دونوں ٹیمیں پالی کیلے اسٹیڈیم میں ایک بار پھر مدمقابل ہوئیں جہاں فتح پاکستان کے نام رہی۔ بنگلا دیش پانچویں ورلڈ کپ میں بھی شاہینوں کو قابو نہ کر سکا۔ پاکستان نے ڈھاکا میں ہونےوالے میچ میں بنگلا دیش کو پچاس رنز سے زیر کیا۔