Sunday, September 8, 2024

ورلڈ ٹی ٹوینٹی : نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو زیر کر لیا

ورلڈ ٹی ٹوینٹی : نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو زیر کر لیا
March 26, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے دلچسپ مقابلے جاری ہے۔ آج کھیلے جانے والے دو میچز میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو زیر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے پہلے میچ میں آج نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے کین ولیمسن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ منرو نے 35‘ روز ٹیلر نے 28 رنز بنائے۔ دیگر بیٹسمین خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ بنگلہ دیشی باﺅلرز مستفیض الرحمان نے پانچ‘ الامین حسین نے دو جبکہ مشرفی مرتضیٰ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قدرے آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم جلد ہی لڑکھڑا گئی۔ تمیم اقبال تین رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے۔ محمد متھن گیارہ‘ صبیر رحمان 12‘ شکیب الحسن دو‘ سومیا سرکار چھ‘ محمد اللہ پانچ رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش کے صرف تین بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے اور پوری ٹیم پندرہ اعشاریہ چار اوورز میں 70 سکور کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔ یوں بنگلہ دیش کو 75 رنز سے شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ کیوی باﺅلرز ایلیٹ اور سوڈھی نے تین‘ تین جبکہ میککلم‘ سینٹنر اور میک لینگھن نے ایک ‘ ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرا میچ میں انگلینڈ اور سری لنکا زورآزما تھیں۔ انگلینڈ نے سخت مقابلے کے بعد سری لنکا کو 10 رنز سے شکست دیدی۔ انگلینڈ کی جانب سے رائے نے 42رنز بنائے۔ جے روٹ 25 جبکہ ای مورگن نے 11رنز بنائے۔ انگلش بیٹسمین بٹلر نے 66رنز کی زبردست اننگز کھیلی اور مجموعے کو 171 رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ لنکن باﺅلرز وینڈرسے 2 جبکہ ہیرتھ ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 172 رنز ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا۔ چندی مل ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ دلشان نے دو‘ سری وردھنے نے سات‘ تھرمنے تین رنز بنا سکے۔ سری لنکن بلے کپوگدیرا اور میتھیوز نے بہتر اننگز کھیلی۔ دونوں نے بالترتیب 30 اور 73 رنز سکور کیے۔ آخری اوور میں سری لنکا کو 15 رنز درکار تھے مگر ٹیم ہمت ہار بیٹھی۔ یوں انگلینڈ 10 رنز سے فتح سمیٹنے میں کامیاب ہو گیا۔