Friday, May 17, 2024

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
October 29, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 کے حوالے سے گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 

پاکستان نے افغانستان کے 148 رنز کے تعاقب میں مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد آصف نے آخری اوور میں 4 چھکے لگا کر میچ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں کردیا۔ انہوں نے 7 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 12 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر محمد رضوان 8 کے انفرادی اسکور پر مجیب الرحمن کی گیند پر نوین الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے والے فخرزمان 30 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بلے باز محمد حفیظ 10 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر گلبدین نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 51 کے انفرادی اسکور پر راشد خان کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب ملک 15 گیندوں پر 19 رنز بناکر نوین الحق کی گیند پر وکٹ کیپر محمد شہزاد کو کیچ پکڑا بیٹھے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2، مجیب الرحمن، محمد بنی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 6 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔

افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی اور گلبدین نبی 35، 35 رنز ناقابل شکست نمایاں بلے باز رہے۔

اوپنر حضرت اللہ ززئی بغیر کھاتہ کھولے عماد وسیم کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اوپنر محمد شہزاد 8 کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اصغر افغان کو 10 انفرادی اسکور پر حارث رؤف نے کاٹ اینڈ بولڈ کیا، رحمان اللہ 10 کے انفرادی اسکور پر حسن علی کا شکار بنے۔ کریم جنت 15 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بنے۔ نجیب زدران 22 رنز بنا کر شاداب کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے میچ وننگ اننگز کھیلنے پر محمد آصف کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے تیز گیند کا ریکارڈ بن گیا، حارث رؤف نے 153 کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینکی۔