Friday, May 17, 2024

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے دی

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے دی
November 3, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دی۔

شاہینوں کی اونچی اڑان جاری ہے۔ گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلے دس اوورز میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے محتاط بیٹنگ کی۔ اگلے دس اوورز میں دونوں قومی اوپنرز نے نمیبیا کے باؤلرز کی جم کر پٹائی کی۔

محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کے درمیان پہلی وکٹ پر 113 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ بابر اعظم نے 70 اور محمد رضوان نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جان فرائی لنک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نمبیا کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ ویزے اور کریگ ولیمز نے ٹیم کو کامیابی دلانے کی بھر پور کوشش کی لیکن نمیبیا کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں پر 144 رنز بنا سکی۔ ڈیوڈ ویزے نے 43 اور کریگ ولیمز نے 40 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔