Sunday, May 12, 2024

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان اور افغانستان آج مدمقابل آئیں گے

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، پاکستان اور افغانستان آج مدمقابل آئیں گے
October 28, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) قومی ٹیم کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 میں سفر کامیابی سے جاری ہے، بھارت اور نیوزی لینڈ جیسے بڑے شکاروں کے بعد شاہینوں نے افغانستان، نیمیبا اور اسکاٹ لینڈ پر نظریں گاڑ لیں۔ پاکستان اور افغانستان آج مدمقابل آئیں گے، جیت کی صورت میں پاکستان کا سیمی فائنل کا ٹکٹ کنفرم ہوجائے گا۔

دبئی کا میدان جہاں آمنے سامنے آئیں گے پاکستان اور افغانستان، دونوں ٹیموں میں میچ کا پانسہ پلٹنے والے ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کو ہرانے والی قومی ٹیم کی جانب سے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ کیلئے بھرپور تیاری جاری ہے، کھلاڑیوں نے بھرپور جم سیشن میں حصہ لیا۔

آئی سی سی اکیڈمی میں میچ کیلئے کھلاڑیوں نے خوب نیٹ پریکٹس کی، کوچنگ اسٹاف کی زیر نگرانی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے ہماری ٹیم پُراعتماد ہے، افغانستان کے کھلاڑی اچھے ہیں، انکے پاس انٹرنیشنل لیگز میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔

افغان کرکٹ ٹیم نے براہ راست سپر بارہ مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تھا،اپنے پہلے گروپ میچ میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو باآسانی 130رنز کے بڑے مارجن سے ہراکرمخالف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔