Tuesday, May 21, 2024

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
October 30, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 کے گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔

میں انگلینڈ نے 126 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 11.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر جوز بٹلر نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کا 126 رنز کے تعاقب میں آغار اچھا رہا، جیسن روئے اور جوز بٹلر پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 66 کی شراکت داری قائم کی۔

اوپنر جیسن روئے 22 کے انفرادی اسکور پر ایڈم زمپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ میلان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 کے انفرادی اسکور پر ایشٹن ایگر کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جونی بیرسٹو 16 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جو اس کے لیے سود مند ثابت ہوا، آسٹریلوی بلے باز ماسوائے ایرون فینچ کے انگلش باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز پر ہتھیار ڈال دئیے۔ ایرون فینچ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ون ڈاؤن بلے باز سٹیو اسمتھ ایک، ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ گلین میکسویل 6، مارکس اسٹوئنس صفر، میتھیو ویڈ 18، ایشٹن ایگر 20، پیٹ کمنز 12 اور ایڈم زمپا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے 3، کرس ووکیز اور ٹمل ملز نے 2، 2 جبکہ عادل رشید اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔