Friday, April 19, 2024

ورلڈ لیگ واٹر پولو کا ٹائٹل سربیا نے جیت لیا، کروشیا کو چھے کے مقابلے نو گول سے شکست، تیسری پوزیشن برازیل نے حاصل کی

ورلڈ لیگ واٹر پولو کا ٹائٹل سربیا نے جیت لیا، کروشیا کو چھے کے مقابلے نو گول سے شکست، تیسری پوزیشن برازیل نے حاصل کی
June 29, 2015
اٹلی (ویب ڈیسک) سربیا نے ورلڈ لیگ واٹرپولو کے فائنل میں حریف پڑوسی ملک کروشیا کو چھے کے مقابلے میں نو گول سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ساتھ ہی ریوڈی جنیرو اولمپکس میں جگہ پکی کر لی ہے۔ اٹلی کے شہر برگیمو میں ہونے والے فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیا کا فائنل میں ٹاکرا کروشیا سے تھا۔ کھیل کےابتدائی دو مراحل میں کروشیا کو سربیا پر ایک گول کی برتری تھی مگر تیسرے مرحلے میں ڈوسن مینڈیج نےمقابلہ پانچ پانچ سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد سیندرو سکنو نے اسےآٹھ چھے کر دیا۔ کھیل کے آخری مرحلے میں ڈوسکو پیجیک لووچ نےسکور نو چھے کر کے کروشیا کی شکست یقینی بنا دی، جس پر سربیا نے فائنل وسل بجنے سے پہلے ہی فتح کا جشن منانا شروع کر دیا۔ پیجیک لووچ فائنل میں تین گولوں کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ تیسری پوزیشن کیلئے میچ میں برازیل نےامریکا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دی۔ فائنل سکور تیرہ چودہ رہا۔ برازیل تین مراحل میں ایک گول کے خسارے میں تھا لیکن چوتھے مرحلے میں سکور دس، دس ہو گیا۔ کھیل میں فیصلہ کن مرحلہ برازیلین گول کیپر تھائی بزیرا کا ٹونی ایزویدو کی پنالٹی کک روکنا تھا اور یونس کریویلا نے آخری پنالٹی پر گول کر کے برازیل کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔