Friday, April 19, 2024

ورلڈ بینک کی 2017ء سے متعلق عالمی معیشت کی جائزہ رپورٹ جاری

ورلڈ بینک کی 2017ء سے متعلق عالمی معیشت کی جائزہ رپورٹ جاری
January 11, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے دوہزار سترہ سے متعلق عالمی معیشت کی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔ رواں سال عالمی معیشتوں میں بہتری کے آثارہیں۔ ورلڈ بینک کے صدر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور بریگزٹ نے عالمی شرح نمو داؤ پرلگا دی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈبینک کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل سمیت دیگر کموڈٹیز کی قیمتوں میں بہتری سے عالمی معیشت کو فروغ ملے گا۔ عالمی سطح پر مجموعی پیداوار کی شرح دو اعشاریہ سات فیصد رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ سال عالمی مجموعی پیداوار کی شرح دو اعشاریہ تین فیصدتھی۔

رپورٹ کے مطابق چین کی معاشی ترقی سست روی کاشکاررہے گی اور شرح نمو چھ اعشاریہ دو فیصد رہے گی جبکہ ترقی یافتہ ممالک کی شرح نمو میں ایک اعشاریہ آٹھ فیصد اضافے کی توقع ہے۔ ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں میں چار اعشاریہ دو فیصدترقی کا امکان ہے۔

امریکی معیشت دو اعشاریہ دو فیصدبڑھنےکی امید ہے۔ ورلڈ بینک کے صدر جم یونگ کم کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت کی ترقی کا زیادہ تر انحصار ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر ہے۔ ٹرمپ اور بریگزٹ نے عالمی شرح نمو داؤ پرلگا دی۔ یہی وقت ہے کہ انفراسٹرکچر اور عوامی منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جائے۔