Friday, March 29, 2024

ورلڈ بینک بھی پاکستان کو تین اعشاریہ چار ارب ڈالر دے گا ، حفیظ شیخ

ورلڈ بینک بھی پاکستان کو تین اعشاریہ چار ارب ڈالر دے گا ، حفیظ شیخ
July 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے آئی ایم ایف نے پاکستان کے لئے 6 ارب ڈالر کا پیکج منظور کر لیا۔ آئی ایم ایف کے پروگرام سے معاشی استحکام آئے گا، ورلڈ بینک سے بھی پاکستان کو 3.4 ارب ڈالر ملیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ مشکل صورتحال میں حکومت ملی۔ 31 ہزار ارب کا قرض حکومت کو ورثے میں آیا جس کے باعث کئی مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ بجلی کی قیمت بڑھانے سے متعلق حفیظ شیخ نے واضح کیا کہ 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔ دوسری طرف چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے واضح کیا کہ جائیدادوں کے حوالے سے سندھ اور پنجاب کا ڈیٹا آگیا ہے تاہم افسران کو کہا گیا ہے کہ کسی کو ہراساں نہ کیا جائے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے بعد روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔