Friday, March 29, 2024

ورسٹائل اداکار قاضی واجد کے پرستار آج انکا 92 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں

ورسٹائل اداکار قاضی واجد کے پرستار آج انکا 92 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں
May 26, 2021

کراچی (92 نیوز) منفرد آواز سے دلوں میں گھر کرنےوالے ورسٹائل اداکار قاضی واجد کے پرستار آج انکا 92واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔

قاضی واجد ایک عہدساز شخصیت ، جداگانہ انداز ، جاندار اداکاری کے مالک تھے۔ قاضی واجد نے ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

قاضی واجد سن 1930 میں بھارت کے شہر میریٹ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد اہلخانہ کے ساتھ پاکستان آئے۔ کم عمری میں ہی ریڈیو پاکستان سے فنی سفر کا آغاز کیا اور قاضی جی کا وعدہ سمیت کئی بہترین پروگرام کئے۔

ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا قیام عمل میں آیا تو وہاں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ڈرامہ سیریل خدا کی بستی میں راجہ بدمعاش کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

دھوپ کنارے، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، کرن کہانی، آنگن ٹیڑھا، تعلیم بالغاں اور انارکلی میں بھی قاضی واجد کی شاندار اداکاری آج بھی ان کے مداحوں کو یاد ہے۔

قاضی واجد کو بہترین کارکردگی پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ قاضی واجد گیارہ فروری دو ہزار اٹھارہ کو دل کا دورہ پڑنے سے کراچی میں اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔