Wednesday, April 24, 2024

ورجن ایٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنیکا اعلان

ورجن ایٹلانٹک ایئرویز کا پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنیکا اعلان
August 28, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ورجن ایٹلانٹک ایئرویز نے پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ دسمبر سے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔ پروازیں لندن اور مانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے اڑان بھریں گی۔ ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز ستمبر سے ہوگا۔ ورجن ایٹلانٹک ائیرویز نے رواں سال کے اختتام پر دسمبر میں پاکستان کیلئے پروازوں کا اعلان کردیا۔ پروازیں لندن ہیتھرو سے لاہور، لندن ہیتھرو سے اسلام آباد، مانچسٹر سے اسلام آباد تک آپریٹ کی جائیں گی۔ اٹلانٹک ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسرجوہا جارونین نے کہا ہے کہ مسافروں کی مانگ کو دیکھ کر اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا منصوبہ بنایا، تاکہ لوگوں کوبہترین سفری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ لاہور اور اسلام آباد دونوں ہی سال بھر کی مشہور منزلیں ہیں اور ہم اپنے جہاز پر مسافروں کے استقبال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافر اپرکلاس، پریمیم اور اکانومی لائٹ کی پیش کش سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ برطانیہ جانے اور آنے والی تمام پروازیں نان سٹاپ ہوں گی۔ نئی ایئرلائن سروس کا بیرون ملک مقیم شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیساتھ کاروبار اورمعیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورجن ایٹلانٹک ائیرویز ایک تیز، موثر کارگو سروس بھی پیش کرے گا، جو سامان برآمد اور درآمد کی تلاش میں آنیوالی کمپنیوں کیلئے نئے مواقع ہوں گے۔