Friday, April 26, 2024

وبائی بندش کے پیش نظر پاک بحریہ مقامی لوگوں کی مدد میں پیش پیش

وبائی بندش کے پیش نظر پاک بحریہ مقامی لوگوں کی مدد میں پیش پیش
April 5, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال کے سبب پاک بحریہ ضرورت مند خاندانوں کی امداد میں مصروف عمل ہے۔ پاک بحریہ مختلف مخیر ایسوسی ایشنز کے ساتھ متعدد شہروں میں مقامی لوگوں میں راشن تقسیم کر رہی ہے۔ اب تک ہزاروں  راشن کے تھیلے کم آمدن والے خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں  راشن کے تھیلے کراچی کے مختلف کینٹس اور سندھ پولیس  کو دیے گئے جنھوں نے راشن کو مختلف علاقوں کے ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا۔ پاک بحریہ نے 32 ٹن راشن کراچی کے شمس پیر کے جزیرے کے ماہی گیروں میں تقسیم کیا۔ پاک بحریہ مختلف رہائشی علاقوں میں بنیادی اشیائے خوردونوش سبسڈائزڈ رییٹس پر فراہم کررہی ہے۔ مزید برآں، ساحلی اور کریکس  کے دور دراز علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر فوڈ ریلیف کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جن علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے ان  میں بلارا، غازی بیل، پٹھان گوٹھ، کاپر، سربندار، گانز، لال بستی، دامب اور تھییم گوٹھ شامل ہیں۔ مقامی این جی او کے تعاون سے پاک بحریہ نے ضلع بدین اور اس کے مضافات میں جمعہ ملاہ گوٹھ، حاجی بچل سومرو گوٹھ، کنبھرمحلہ گوٹھ اور جاتی کے کچھ دوسرے دیہاتوں میں  بڑی تعداد میں راشن بیگ تقسیم کیے۔ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی  ضرورت مند خاندانوں میں  راشن تقسیم کیا گیا جبکہ لاہور کے  دیہی شہروں /  دیہاتوں میں راشن تقسیم کرنے کے لیئے  ہزاروں کلوگرام راشن یونین کونسلر، کوٹ رادھا کشن کے حوالے کر دیا گیا۔ پاک بحریہ پاکستان بھر میں انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لئے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔