Saturday, May 18, 2024

واہگہ :بیساکھی میلے میں شرکت کے لیئے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد

واہگہ :بیساکھی میلے میں شرکت کے لیئے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد
April 11, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)بیساکھی کے میلے کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کا وفد بذریعہ ٹرین واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گیا ، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق چودہ اپریل کو ننکانہ صاحب میں شروع ہونے والے بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتری واہگہ اسٹیشن پہنچے تو متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدیق الفاروق نے کہا کہ انہوں نے کوشش کی ہے کہ پچھلے سال سے بہتر انتظامات کیے جائیں اور سکھ یاتریوں کی رہائش کے متعلق جو شکایات تھیں ان کو دور کرنے کے لیے مزید کمرے تعمیر کر دیئے ہیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں کے جتھے کے سربراہ سردار سورن گل نے کہا کہ پاکستان میں سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے انتظامات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے جس کے باعث یاتریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سکھ یاتری اپنے مذہبی مقامات کے تحفظ اور بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔ بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملنے والی اپنائیت اور محبت نے انہیں وطن کی دوری کا احساس ہی نہیں ہونے دیا۔ سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلے میں شرکت کے بعد سچاسودا، حسن ابدال، پنجہ صاحب سمیت اپنے دیگر مذہبی مقامات پر رسومات ادا کریں گے۔