Friday, May 3, 2024

واہ رے پنجاب پولیس !!! گرفتار اور مرنیوالے اشتہاریوں کے سر کی قیمت بھی مانگ لی

واہ رے پنجاب پولیس !!! گرفتار اور مرنیوالے اشتہاریوں کے سر کی قیمت بھی مانگ لی
November 28, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب پولیس قانون شکنی میں تواپناثانی نہیں رکھتی مگر رقم بٹورنے کے لئے اب محکمہ پولیس نے حکومت کو بھی نہ بخشا مگر بھلا ہو محکمہ داخلہ کے افسران کا جنہوں نے پنجاب پولیس کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ رہی سہی کسر پولیس کے ہی ایک ذیلی ونگ سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو نے پوری کردی۔ پنجاب پولیس نے محکمہ داخلہ پنجاب کو 55 اشتہاری ملزمان کی ہیڈ منی مقرر کرنے اور رقم کے لئے خط لکھا جس میں اشتہاری ملزمان کے نام بھی پیش کئے گئے۔ فہرست محکمہ داخلہ کے حکام کو موصول ہوئی تو شک گزرنے پر اس کی انٹیلی جنس بیورو اور سپیشل برانچ سے تحقیقات کروائی گئیں۔ تحقیقات کے بعدمعلوم ہوا ہے کہ صرف 32 ملزمان ایسے ہیں جن کی ہیڈ منی مقرر کی جاسکتی ہے باقی 23ملزمان ایسے ہیں جو یا تو پولیس مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں یا پھر گرفتار ہوچکے ہیں۔ دونوں ایجنسیوں نے حکومت کو صرف 32 ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہیڈ منی مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے 32 ملزمان کے نام پر دو لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ہیڈ منی مقرر کرنے کے لئے سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کردی ہے۔