Monday, September 16, 2024

واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم کا آلودہ پانی کی فراہمی پر برہمی کا اظہار

واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم کا آلودہ پانی کی فراہمی پر برہمی کا اظہار
February 9, 2018

سکھر (92 نیوز) واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے آلودہ پانی کی فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا۔ 
سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ میں شہریوں کو سپلائی کیے جانے والے پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دیئے گئے واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس ر امیر مسلم ہانی نے نواب شاہ اور خیرپور کے بعد سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر پہنچ کرشہر کی مختلف واٹر سپلائی اسکیموں کا دورہ کیا اور وہاں پر پانی کےتالابوں کا معائنہ کیا ۔
سکھر کے شہر کو مین سپلائی کرنے والی بندر روڈ واٹر سپلائی اسکیم کے دورے پر وہاں پر پانی کے تالابوں کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اور وہاں پرموجود میئر سکھر ارسلان شیخ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر برس پڑے اور ان سے کہا کہ کیا ایسا پانی شہریوں کو فراہم کیا جاتا ہے جو انسانوں تودور جانوروں کے استعمال کے قابل بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تالاب صاف نہیں ہیں تو شہریوں کو صاف پانی کیسے فراہم کیا جاتا ہے اور اگر یہ پانی شہریوں کو فراہم کیا جاتا ہے تو اس سے اچھا ہے ان کو پانی فراہم ہی نہ کیا جائے ۔
واٹر کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ جب تک یہ پانی آپ کے اور ہمارے پینے کے لائق ہی نہیں ہو جاتا کم سے کم اس وقت تک تو پانی شہریوں کوفراہم نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا خوف کریں ہم نے مرنا بھی ہے اور اللہ کو جان بھی دینی ہے ۔ کیا منہ دکھائیں گے وہاں کیا جواب دیں گے ۔
واٹر کمیشن کے سربراہ نے اس موقع پر وہاں پر پانی کی ٹیسٹنگ کے لیے قائم لیبارٹری کا دورہ بھی کیا اور اس کی صورتحال پر بھی ناگواری کا اظہار کیا اور میئر سکھر سے کہا کہ ٹیکنکل اسٹاف کی کمی کیوں ہے ؟ جس پر میئر سکھر نے ان سے کہا کہ کوئی ٹیکنیکل اسٹاف دینے کے لیے تیار نہیں ہے ۔
اس پر واٹر کمیشن کے سربراہ نے ان سے کہا کہ وہ میئر ہیں اور میئر بنیں ۔ انہوں نے اس موقع پر پانی اور لیبارٹری کی صورتحال کو ایک ماہ میں بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ اس موقع پر روہڑی کے شہریوں نے واٹر کمیشن کے سربراہ کو روہڑی کے شہریوں کو سپلائی کیے جانے والی پانی اور تالابوں کی صورتحال کی ویڈیو بھی دکھائی جس پر انہوں نے سخت ناگواری کا اظہار کیا ۔